ایف آئی اے لاہورزون کی حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کیخلاف کارروائیاں، دو ملزمان گرفتار
(لاہور نیوز) ایف آئی اے لاہور زون نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے لاہور کی شاہ عالم مارکیٹ اور ننکانہ صاحب سے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق پہلی کارروائی شاہ عالم مارکیٹ لاہور میں کی گئی، جہاں حوالہ ہنڈی کے غیر قانونی کاروبار میں مبینہ طور پر ملوث ملزم محمد نوید شاہ کو گرفتار کیا گیا، جبکہ دوسری کارروائی ننکانہ صاحب میں کرتے ہوئے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزم محمد اسماعیل کو حراست میں لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 26 لاکھ 80 ہزار پاکستانی روپے، 2 لاکھ 18 ہزار 750 بھارتی روپے، 2 ہزار 800 برطانوی پاؤنڈ اور 5 کروڑ 80 لاکھ ایرانی کرنسی برآمد کی گئی۔
کارروائیوں کے دوران 5 سعودی ریال، 48 ہزار روپے مالیت کے پرائز بانڈز، متعدد چیک بکس، بینک ڈپازٹ سلپس اور اہم دستاویزات بھی قبضے میں لے لی گئیں۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر بغیر لائسنس کرنسی ایکسچینج اور غیر قانونی حوالہ ہنڈی کے کاروبار میں ملوث تھے۔ گرفتار ملزم محمد نوید شاہ اس سے قبل بھی حوالہ ہنڈی کے ایک مقدمے میں نامزد رہ چکا ہے۔
ایف آئی اے نے دونوں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
