(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں فضائی آلودگی کی صورتحال ایک بار پھر تشویشناک ہو گئی، شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 451 ریکارڈ کیا گیا۔
باغوں کے شہر لاہور میں سموگ کی شدت برقرار ہے، جبکہ فضائی آلودگی خطرناک حد تک پہنچ گئی ہے۔
شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے اور لاہور کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 451ریکارڈ کیا گیا ہے۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق صوبے کے مختلف شہروں میں ایئر کوالٹی کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ سرگودھا میں فضائی آلودگی کی شرح 595 پارٹیکولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی جو صوبے میں سب سے زیادہ ہے۔ اسی طرح ملتان میں 528 پارٹیکولیٹ میٹرز، گوجرانوالہ 478 پارٹیکولیٹ میٹرز، فیصل آباد 459 پارٹیکولیٹ میٹرز، لاہور 451 پارٹیکولیٹ میٹرزاور ڈیرہ غازی خان میں فضائی آلودگی کی شرح 443 پارٹیکولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔
ماہرینِ ماحولیات اور طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ 300 سے زائد ایئر کوالٹی انڈیکس انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک تصور کیا جاتا ہے۔ شدید آلودگی کے باعث شہریوں میں آنکھوں کی جلن، گلے کی خراش اور سانس کی بیماریوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
محکمہ ماحولیات اور طبی ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، سفر کے دوران ماسک کا لازمی استعمال کریں اور بچوں و بزرگوں کا خصوصی خیال رکھیں۔
