(لاہور نیوز) ضلعی انتظامیہ لاہور کی جانب سے محفوظ بسنت آگاہی مہم کا آغاز کردیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے تحصیل سٹی کا دورہ کیا اور شہریوں میں سیف بسنت سے متعلق آگاہی پمفلٹس تقسیم کئے، اس موقع پر اے سی سٹی رانا عامر لیاقت، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر، ڈی ایم ڈی واسا عبد اللطیف اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈی سی لاہور نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بچوں کی حفاظت اور محفوظ بسنت کو یقینی بنائیں، محفوظ بسنت کیلئے شہریوں کا تعاون اور احتیاط ناگزیر ہے، شہری اپنے بچوں اور اپنی جان کی حفاظت ہر صورت یقینی بنائیں۔
دریں اثنا ڈی سی لاہور نے یونین کونسل 64 ساندہ روڈ اور یونین کونسل 65 اسلام پورہ کا بھی دورہ کیا، جہاں اے سی سٹی رانا عامر لیاقت اور ستھرا پنجاب ٹیموں نے انہیں صفائی ستھرائی اور انتظامی امور پر بریفنگ دی، بریفنگ میں ساندہ روڈ اور اسلام پورہ کے تعلیمی اداروں، قبرستانوں، پارکوں اور وزیراعلیٰ کے پی آئیز سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
ڈی سی لاہور نے ہدایت کی کہ تمام یونین کونسلز میں روزانہ سکریپنگ اور کھلے پلاٹوں کی صفائی یقینی بنائی جائے، ستھرا پنجاب کی مشینری، کنٹینرز اور عملے کی مکمل فعالیت برقرار رکھی جائے، جبکہ سینٹری ورکرز کی روزانہ حاضری چیک کرنے اور پورٹل پر موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔
کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کا کہنا تھا کہ لاہور کو صاف اور سرسبز رکھنا ضلعی انتظامیہ کا ہدف ہے، تمام یونین کونسلز میں صفائی، عملے کی حاضری اور مشینری کی کارکردگی مانیٹر کی جا رہی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کے کے پی آئیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے، قبرستانوں، تعلیمی اداروں، صحت مراکز، ہسپتالوں اور پارکوں کی صفائی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، انتظامی امور میں غفلت اور سستی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
