(ویب ڈیسک) لیسکو میں نیٹ بلنگ کے تحت سولر صارفین کی بلنگ کا عمل التوا کا شکار ہونے لگا۔
تفصیلات کے مطابق آن لائن پورٹل پر معاہدے مکمل ہونے کے باوجود صارفین کی بلنگ نہ ہو سکی، بلنگ میں تاخیر کے باعث سولر صارفین ایکسپورٹ کیے گئے یونٹس کا ریلیف حاصل کرنے سے محروم ہیں۔
صارفین نے آن لائن پورٹل کے ذریعے نیٹ بلنگ کے معاہدے تو مکمل کر لیے، تاہم متعلقہ لیسکو دفاتر میں ان کی بلنگ کا عمل مکمل نہیں کیا گیا، اس کے نتیجے میں صارفین کو فراہم کردہ بجلی کے یونٹس کا کریڈٹ نہیں مل سکا۔
لیسکو کی جانب سے امپورٹ کیے گئے یونٹس کی بنیاد پر صارفین کو بھاری بھرکم بجلی کے بل بھجوا دیے گئے، جبکہ ایکسپورٹ یونٹس کو بلوں میں ایڈجسٹ نہ کیے جانے کے باعث سولر صارفین کو مالی مشکلات کا سامنا ہے، آن لائن پورٹل پر درخواستیں جمع کروانے اور معاہدے مکمل کرنے کے باوجود صارفین متعلقہ دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور ہیں۔
وزارت پاور ڈویژن نے صارفین کو بروقت کنکشن فراہم کرنے اور عمل کو آسان بنانے کیلئے آن لائن پورٹل متعارف کروایا تھا، تاہم بلنگ کا نظام مکمل طور پر فعال نہ ہونے کے باعث صارفین کو ریلیف کے بجائے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
