لاہور: (محمد اشفاق) لاہور ہائیکورٹ نے شیخ زید ہسپتال میں انتظامی عہدوں پر بھرتیوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف درخواست پر حکم جاری کرتے ہوئے امیدواروں کی حتمی تقرریوں کے نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روک دیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں شیخ زید ہسپتال میں انتظامی سطح پر بھرتیوں کے عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس شیریں عمران نے محمد اختر سمیت دیگر درخواست گزاروں کی درخواست پر تحریری حکم جاری کر دیا۔
درخواست گزاروں کی جانب سے ایڈووکیٹ زبیر کنڈی عدالت میں پیش ہوئے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ شیخ زید ہسپتال میں انتظامی عہدوں پر بھرتیوں کے لیے سی ٹی ایس کے ذریعے امیدواروں کے ٹیسٹ لیے گئے، تاہم ٹیسٹ کے عمل میں سنگین بے ضابطگیاں کی گئیں۔
درخواست گزاروں کے مطابق سی ٹی ایس نے ایسے امیدواروں کو بھی کامیاب قرار دے دیا جنہوں نے بھرتیوں کے لیے درخواستیں ہی جمع نہیں کروائی تھیں۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ بھرتیوں کے لیے اختیار کیا گیا موجودہ طریقہ کار شفاف نہیں ہے۔
درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعا کی کہ شیخ زید ہسپتال میں ہونے والی بھرتیوں کے پورے عمل کو کالعدم قرار دیا جائے اور شفاف طریقہ کار کے تحت دوبارہ بھرتیاں کرنے کا حکم دیا جائے۔
عدالت نے درخواست پر حکم جاری کرتے ہوئے شیخ زید ہسپتال کو امیدواروں کی حتمی تقرریوں کے نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روک دیا۔
