نمونیا سے بچاؤ کیلئے بچوں کی مفت ویکسینیشن یقینی بنائی جا رہی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ نمونیا سے بچاؤ کیلئے بچوں کی مفت ویکسینیشن یقینی بنائی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نمونیا کے عالمی دن پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ کسی بھی شخص کو نمونیا کے باعث اپنی جان نہیں گنوانی چاہئے، اس خطرناک بیماری سے متعلق عوامی شعور اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نمونیا کی روک تھام کیلئے مفت ویکسینیشن پروگرام اور ہسپتالوں میں جدید طبی سہولیات سمیت اہم اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام (EPI) کے تحت دو سال سے کم عمر تمام بچوں کو نمونیا سے بچاؤ کی ویکسین بالکل مفت فراہم کی جاتی ہے، جبکہ صوبے بھر کے بنیادی مراکز صحت اور دیہی مراکز صحت میں بچوں کا ویکسینیشن کورس مکمل کیا جاتا ہے، وزیراعلیٰ نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو نمونیا سے بچاؤ کی ویکسین لازمی لگوائیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ نمونیا کی بروقت تشخیص اور ویکسینیشن کے ذریعے بالخصوص بچوں اور بزرگوں کی قیمتی زندگیاں بچائی جا سکتی ہیں، دنیا بھر میں ہر سال لاکھوں بچے اور بزرگ اس بیماری کے باعث زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نمونیا پانچ سال سے کم عمر بچوں اور بزرگوں کیلئے جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے، لہٰذا سرد موسم میں ان کی صحت اور حفاظت کا خصوصی خیال رکھا جائے۔
