کرپشن کے الزام لگانے والے حکومت میں کیوں؟ استعفیٰ دے کر گھر چلے جائیں: مریم نواز
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کرپشن کے الزام لگانے والے حکومت میں کیوں بیٹھے ہیں، استعفیٰ دے کر گھر کیوں نہیں جاتے۔
جہلم میں سکالر شپ اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ جیسے جیسے الیکشن قریب آ رہے ہیں کئی لوگوں کو تکلیف ہونا شروع ہو گئی ہے، ایسے لوگ جہاں سے اٹھ کر آئے ہوتے ہیں سب پتہ ہے، ایسے لوگ اگلی بار کیلئے اپنی جگہ پکی کر رہے ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کیا سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں کرپشن نہیں ہے؟ خیبرپختونخوا میں تو کرپشن کا پورا ایک نیٹ ورک تھا، پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں کی وزیراعلیٰ روزانہ کرپشن کے واقعات بے نقاب کرتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے پتہ چلا کسی وزیر نے کرپشن کی یا رشوت لی تو اسے نہیں چھوڑوں گی، کئی ہزار ارب کے منصوبوں میں ایک روپے کرپشن بتا دیں۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کی وزیراعلیٰ مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے، ایک خاتون کو دکان مالک نے تھپڑ مارے، متاثرہ خاتون کو تھانے بلا کر میں نے کہا اس مالدار کے منہ پر زوردار تھپڑ مارو، آج نوجوانوں کے ہاتھوں میں پٹرول بم یا پتھر نہیں ہیں، نوجوانوں کے ہاتھوں میں لیپ ٹاپ ہیں۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ میرے آج کے ہیروز اور سپر ہیروز ہونہار طلبا ہیں، جن کی محنت اور کوششیں انہیں کامیابی کے اس مقام تک لائی ہیں، طلبا کے خواب پورے ہو رہے ہیں اور ان کی کامیابی پر والدین بھی اتنے ہی خوش ہیں جتنے خود بچے ہیں، انہوں نے والدین کی محنت، قربانیوں اور کوششوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ جہلم کی سرکاری یونیورسٹی کے 115 طلبا اور نرسنگ کالج کی 42 طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے، جبکہ 109 طلبہ کو تقریباً 25 لاکھ روپے کے ہونہار سکالرشپس دیئے گئے، لیپ ٹاپ، فون اور سکالرشپس طلبا کا حق ہیں اور یہ ان کی اپنی محنت کا صلہ ہے، طلبا کو ان کی محنت کا حق ملنا چاہئے۔
ان کا کہنا تھا کہ تعلیم پر سرمایہ کاری دراصل قوم کے مستقبل پر سرمایہ کاری ہے اور ہر بچہ پاکستان کا مستقبل ہے، وہ چاہتی ہیں کہ نوجوان اپنی قابلیت سے ملک اور اپنی مٹی کا نام روشن کریں۔
اس موقع پر مریم نواز نے سکوٹیز حاصل کرنے والی طالبات کو ہدایت کی کہ وہ اپنی حفاظت کیلئے ہیلمٹ لازمی پہنیں، بچیوں کو مکمل ڈرائیونگ ٹریننگ بھی دی جائے گی، کیونکہ والدین نے انہیں بہت محبت سے پالا ہے اور انہیں اپنی جان اور سلامتی کا خیال رکھنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں سکوٹیز تیار ہونے کے باعث تقسیم میں تاخیر ہوئی، تاہم بہت جلد سکوٹیز کی پہلی تقسیم شروع ہو جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ گمراہ کن باتوں کے بجائے حقائق جانیں اور اپنی قابلیت و کامیابیوں کے ذریعے ملک کی ترقی میں کردار ادا کریں، وہ نوجوانوں کے ہاتھوں میں پاکستان کا پرچم دیکھنا چاہتی ہیں۔
