10 Nov 2026
(لاہور نیوز) شدید دھند کے باعث موٹروے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک ہیوی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی۔
موٹروے پولیس ترجمان کے مطابق موٹرویز کی بندش کا مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ شہری دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سفر کے لیے دن کی روشنی کو ترجیح دیں۔
ترجمان سنٹرل ریجن نے ہدایت کی ہے کہ دھند کے موسم میں محفوظ سفر کے لیے صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک کے اوقات کو ترجیح دی جائے۔
اِسی طرح دورانِ سفر گاڑی کی رفتار کم رکھیں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں۔ ڈرائیورز لین کی پابندی کریں، غیر ضروری اوورٹیکنگ اور اچانک بریک لگانے سے گریز کریں۔
دوسری جانب موٹروے پولیس نے فوگ لائٹس استعمال کرنے اور گاڑی کی ہیڈ لائٹس، بیک لائٹس اور وائپرز درست حالت میں رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
