(لاہور نیوز) ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی منصور احمد کے احکامات پر لاہور کے سکولوں اور کالجوں میں قائم کیفے اور کینٹینوں کی چیکنگ کے دوران قوانین کی خلاف ورزی پر 6 کینٹینیں بند جبکہ ناقص انتظامات پر 35 کینٹینوں کو مجموعی طور پر 7 لاکھ 6 ہزار روپے جرمانے عائد کر دیئے گئے۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق شہر بھر میں 146 تعلیمی اداروں کی کینٹینوں کا معائنہ کیا گیا، جبکہ 40 کینٹینوں کو اصلاحی نوٹسز بھی جاری کیے گئے، کارروائیوں کے دوران استعمال شدہ آئل، گلے سڑے پھل اور ایکسپائر مصنوعات کی موجودگی پر 6 سکول کینٹینوں کو بند کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق تعلیمی اداروں میں فروخت ہونے والی خوراک کو سبز، پیلی اور سرخ کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے، سرخ کیٹیگری میں شامل کاربونیٹڈ مشروبات، انرجی ڈرنکس اور چائنہ نمک سے تیار کردہ مصنوعات کی فروخت ممنوع قرار دی گئی ہے، اسی طرح کاٹن کینڈی، گولا گنڈا، آئس لولیز، تمباکو اور ویپس کی فروخت پر بھی مکمل پابندی عائد ہے، جبکہ غذائیت سے بھرپور اور صحت بخش خوراک کو گرین کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی منصور احمد نے کہا کہ سکولوں اور کالجوں کے کیفے اور کینٹینوں کیلئے جاری کردہ ایس او پیز پنجاب گزٹ اور فوڈ اتھارٹی کی ویب سائٹ پر تفصیل سے شائع کئے گئے ہیں، تعلیمی اداروں میں اشیائے خورونوش کی فروخت صرف پنجاب فوڈ اتھارٹی کے قوانین کے مطابق ہی کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کے تعلیمی اداروں میں خوراک کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے سخت چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے، بچوں کی بہتر نشوونما کیلئے صحت بخش اور غذائیت سے بھرپور خوراک کی فراہمی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے والدین سے اپیل کی کہ تعلیمی اداروں میں خوراک سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر شکایت درج کروائیں۔
