اگلے سال بجلی چوری کرنے والے فیڈرز کے بجائے ٹرانسفارمر پر لوڈ شیڈنگ ہو گی: اویس لغاری
(لاہور نیوز) وفاقی وزیر برائے توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ اگلے سال جون سے بجلی چوری کرنے والے فیڈرز کے بجائے ٹرانسفارمر پر لوڈ شیڈنگ ہوا کرے گی۔
اپنے بیان میں وفاقی وزیر اویس لغاری کا کہنا تھا کہ بجلی چوری کی روک تھام کیلئے لوڈشیڈنگ کے نظام میں تبدیلی لائی جائے گی، جس کے تحت بجلی چوری والے علاقوں میں پورے فیڈر کے بجائے متعلقہ ٹرانسفارمرز کی سطح پر لوڈشیڈنگ کی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ رات کے اوقات میں دو گھنٹے لوڈشیڈنگ کرکے عوام کو 6 روپے فی یونٹ کے اضافی بوجھ سے بچایا گیا، بجلی کے شعبے میں نقصانات کم کرنے اور صارفین پر اضافی مالی بوجھ روکنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
اویس لغاری نے مزید بتایا کہ ملک میں انتظامی یونٹس کے قیام کے معاملے پر پارٹی کی سطح پر مشاورت جاری ہے، مسلم لیگ (ن) جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبوں کے قیام کیلئے اسمبلی میں قرارداد بھی منظور کر چکی ہے۔
وفاقی وزیر کے بیان کے مطابق بجلی چوری کی روک تھام اور لوڈشیڈنگ کے نظام میں مجوزہ تبدیلی کا مقصد بجلی چوری کے باعث ہونے والے نقصانات کو کم کرنا اور بجلی کے بل ادا کرنے والے صارفین کو غیر ضروری لوڈشیڈنگ سے بچانا ہے۔
