(لاہور نیوز) سابق ٹیسٹ کپتان محمد یوسف نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی دعوت پر نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور کا دورہ کیا اور ترقیاتی منصوبوں اور جدید سہولیات کا جائزہ لیا۔
محمد یوسف نے ڈیڑھ سال بعد اکیڈمی میں مثبت تبدیلیوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی کرکٹ کی بہتری کیلئے کاوشوں کو سراہا، انہوں نے کہا کہ جدید انفراسٹرکچر، بائیو مکینکس لیب کی اپ گریڈیشن اور گراس روٹ کرکٹ کے منصوبے پاکستان میں ٹیلنٹ کی تیاری میں اہم کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے انڈر 15، انڈر 17، انڈر 19 اور شاہینز پروگرامز کو قومی ٹیم کیلئے نئے کھلاڑی تیار کرنے میں اہم قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی تکنیکی اور ذہنی تربیت کے ساتھ انہیں انگلینڈ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ جیسے ممالک میں کھیلنے کے زیادہ مواقع فراہم کئے جانے چاہئیں۔
محمد یوسف نے بیٹرز کی تکنیک، شاٹ سلیکشن اور دباؤ میں کھیلنے کی صلاحیت بہتر بنانے کیلئے غیر ملکی بیٹنگ کوچ کی خدمات حاصل کرنے کی تجویز بھی دی، انہوں نے مختلف کنڈیشنز کی پچز، جدید بولنگ مشینوں اور ویڈیو اینالیسز کو کھلاڑیوں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے اہم قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ گراس روٹ کرکٹ پر مسلسل توجہ اور جدید تربیتی سہولیات کے مؤثر استعمال سے پاکستان کرکٹ عالمی سطح پر اپنا مقام دوبارہ حاصل کر سکتی ہے۔
