(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت بلاسود قرضوں کے حصول کے لیے درخواستوں کی تعداد 15 لاکھ 28 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
اب تک 2 لاکھ 17 ہزار سے زائد خاندانوں کو گھروں کی تعمیر کے لیے 284 ارب 40 کروڑ روپے سے زائد رقم جاری کی جا چکی ہے۔
صوبائی وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین کو اپنی چھت اپنا گھر پروگرام سے متعلق پھاٹا حکام کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں اب تک ایک لاکھ 26 ہزار 239 گھر مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ 57 ہزار 910 گھر تکمیل کے قریب ہیں۔
بلال یاسین نے کہا کہ پروگرام کے تحت گھروں کی تکمیل اس منصوبے پر عملی پیش رفت کا اہم ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 15 لاکھ سے زائد درخواستوں کی وصولی عوامی سطح پر اس منصوبے کی اہمیت اور ضرورت کو ظاہر کرتی ہے۔
صوبائی وزیر کے مطابق رواں مالی سال کے اختتام تک ان شاء اللہ 3 لاکھ سے زائد خاندانوں کو بلاسود قرضے جاری کیے جائیں گے، جس سے مزید مستحق خاندانوں کو اپنے گھروں کی تعمیر میں مدد ملے گی۔
بلال یاسین نے کہا کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کا بنیادی مقصد کرائے کے گھروں میں رہنے والے مستحق خاندانوں کو اپنے ذاتی گھر کی تعمیر کے لیے سہولت فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ اپنی چھت کے مالک بن سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پروگرام میں شفافیت، میرٹ اور مستحق خاندانوں کو بنیادی سہولت کی فراہمی کو اہمیت دی جا رہی ہے۔
