(لاہور نیوز) سری لنکا نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔
سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 47 گیندوں پر 7 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 76 رنز بنائے، جبکہ عرفات منہاس 34 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے حسن نواز نے 16، عبدالصمد نے 15 اور فخر زمان نے 12 رنز بنائے۔ عمران رندھاوا 6، خواجہ نافع 3 رنز بنا سکے، جبکہ معاذ صداقت اور رضا اللہ کوئی رن نہ بنا سکے۔
سری لنگا کی جانب سے ڈاسن شناکا نے 3 وکٹیں حاصل کیں، ایشان ملنگا اور نووان تھوشارا نے 2، 2 جبکہ وجے کانتھ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 17.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنا لیے۔ کپتان کوشل مینڈس نے 48 گیندوں پر 9 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 87 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ کمنڈو مینڈس 40 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔سنتھ جے وردھنے نے 38 رنز بنائے، جبکہ لاہیرو اودارا ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے عمران رندھاوا اور عرفات منہاس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی، اس طرح سری لنگا نے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں کامیابی حاصل کی تاہم پاکستان نے ابتدائی دو میچ جیت کر تین میچوں کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کر لی۔
