(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے صوبے کے دیگر شہروں کو بھی لاہور کی طرز پر سرسبز، خوبصورت اور دیدہ زیب بنانے کیلئے عملی اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔
صوبے کے مختلف اضلاع میں پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹیز کی استعداد کار بڑھانے کیلئے نئی بھرتیوں کے ساتھ رواں مالی سال کے دوران 1289 نئی گاڑیاں اور مشینری خرید کر فراہم کی جائیں گی۔
اس حوالے سے وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین کی زیر صدارت پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے احمد عثمان جاوید نے موجودہ کارکردگی اور مجوزہ منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی، اجلاس میں 21 اضلاع کے منیجنگ ڈائریکٹرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلال یاسین نے کہا کہ صوبے کے شہروں میں پارکس، گرین بیلٹس اور دیگر ہارٹیکلچر منصوبوں کو بہتر بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں، پارکس، گرین بیلٹس اور دیگر منصوبوں کی دیکھ بھال اور مرمت کیلئے اربوں روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔
وزیر ہاؤسنگ نے ہدایت کی کہ پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹیز کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے اور دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جائے، نرسریوں، گاڑیوں اور مشینری کے ڈیٹا کی نگرانی کیلئے ڈیش بورڈ متعارف کرایا جائے گا، جس سے کارکردگی اور وسائل کے استعمال کو ڈیجیٹل طریقے سے مانیٹر کیا جا سکے گا۔
بلال یاسین نے ہارٹیکلچر کے شعبے میں بزنس ماڈل کے ذریعے آمدن بڑھانے اور ریونیو کولیکشن پر خصوصی توجہ دینے کی بھی ہدایت کی، ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ اداروں کی استعداد کار میں اضافے اور جدید مشینری کی فراہمی سے پارکس اور گرین بیلٹس کی دیکھ بھال کے نظام کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
اجلاس میں صوبے کے مختلف اضلاع میں پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹیز کی ضروریات، ملازمین کی بھرتیوں اور مشینری کی فراہمی سے متعلق مجوزہ اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
حکومتی منصوبے کے تحت لاہور کی طرز پر دیگر شہروں میں بھی شجرکاری، پارکس کی بہتری اور گرین بیلٹس کی دیکھ بھال کو فروغ دینے پر توجہ دی جائے گی، جبکہ ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے ذریعے وسائل کے استعمال اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر نظر رکھی جائے گی۔
