(ویب ڈیسک) پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ کیلئے بسوں کی تقسیم کا نظرثانی شدہ پلان سامنے آ گیا۔
دستاویزات کے مطابق لاہور کیلئے مختص بسوں کی تعداد میں نمایاں کمی کر دی گئی ہے، لاہور کیلئے بسوں کی تعداد 248 سے کم کر کے 107 کر دی گئی ہے، جس کے باعث پی سی ون میں مختص بسوں کے مقابلے میں لاہور کے حصے میں 141 بسوں کی کمی آ گئی ہے۔
اصل پی سی ون کے مطابق لاہور کیلئے 39 نو میٹر اور 209 بارہ میٹر بسیں مختص تھیں، جبکہ نظرثانی شدہ پلان میں لاہور کیلئے صرف 107 بارہ میٹر بسیں رکھی گئی ہیں۔
دستاویزات کے مطابق اصل پی سی ون میں پنجاب بھر کیلئے مجموعی طور پر ایک ہزار 100 بسیں شامل تھیں، تاہم نظرثانی شدہ پلان میں مجموعی تعداد 15 کے اضافے کے بعد ایک ہزار 115 کر دی گئی ہے۔
نظرثانی شدہ پلان کے تحت نو میٹر بسوں کی تعداد 635 سے کم کر کے 612 جبکہ بارہ میٹر بسوں کی تعداد 465 سے بڑھا کر 503 کر دی گئی ہے۔
