(لاہور نیوز) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) نے پنجاب کے زیرِ انتظام تمام اضلاع میں نرسریاں قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جہاں موسمی اور سجاوٹی پودے ارزاں نرخوں پر فروخت کیے جائیں گے، اس اقدام کا مقصد شہریوں کو سستے داموں پودوں کی فراہمی اور صوبے میں سبزے کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔
ڈی جی پی ایچ اے احمد عثمان جاوید کے مطابق تمام اضلاع میں سڑکوں، فٹ پاتھوں اور گرین بیلٹس پر یکساں طرز کے پلانٹرز اور گملے رکھے جائیں گے، جبکہ شہروں کی لینڈ اسکیپنگ میں مقامی ضروریات کو ترجیح دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ضلعی ایجنسیاں موسمی پھولوں کا کیلنڈر مرتب کریں گی تاکہ ہر علاقے کی ضروریات اور موسم کے مطابق پھولوں کی شجرکاری اور تزئین و آرائش کی جا سکے۔
احمد عثمان جاوید نے بتایا کہ پی ایچ اے نے یکساں شجرکاری ماڈل اپنانے کے بجائے مقامی ماحولیاتی ضروریات کے مطابق شجرکاری کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں منصوبے مقامی آب و ہوا اور مٹی کی مناسبت سے تیار کیے جائیں گے، جبکہ املتاس اور بوگن ویلیا جیسی موزوں اقسام کو ترجیح دی جائے گی۔
ڈی جی پی ایچ اے کے مطابق منتخب ندی نالوں کے کناروں پر مٹی کے کٹاؤ کو روکنے کے لیے بانس بھی لگایا جائے گا۔ بانس کی مضبوط جڑیں تیز بہاؤ کے دوران مٹی کو بہنے سے محفوظ رکھنے میں مدد دیتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کے وژن کے مطابق پی ایچ اے پنجاب میں گرین کور بڑھانے، شہروں کو سرسبز بنانے اور مقامی ماحولیاتی ضروریات سے ہم آہنگ شجرکاری کے فروغ کے لیے سرگرم عمل ہے۔
