(لاہور نیوز) پاکستان کسان اتحاد کے صدر خالد محمود کھوکھر نے گندم کی مجوزہ قیمت 4500 روپے فی من مقرر کرنے کو بہتر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مناسب قیمت ملنے سے کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی ہو گی اور زرعی شعبے کی بحالی میں مدد ملے گی۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد محمود کھوکھر کا کہنا تھا کہ گندم تمام فصلوں کا انجن ہے اور اس کی مناسب قیمت نہ ملنے سے دیگر فصلیں بھی متاثر ہوتی ہیں، نئی مجوزہ قیمت سے کاشتکاروں کو امید کی کرن ملی ہے اور توقع ہے کہ وہ آئندہ سیزن میں زیادہ رقبے پر گندم کاشت کریں گے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گندم کی خریداری اور باردانے کی فراہمی کیلئے بھی مؤثر اقدامات کئے جائیں تاکہ کاشتکاروں کو اپنی پیداوار فروخت کرنے میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
خالد محمود کھوکھر نے امید ظاہر کی کہ گندم کی نئی مجوزہ قیمت کے مثبت اثرات پوری معیشت پر مرتب ہوں گے اور آئندہ سال پاکستان کو گندم درآمد کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، انہوں نے کاشتکاروں سے بھی اپیل کی کہ وہ اس سیزن میں گندم کی کاشت ضرور کریں۔
