(لاہور نیوز) لیسکو میں اختیارات کے مبینہ ناجائز استعمال اور ماتحت افسران کو سزائیں دینے کے معاملے پر اعلیٰ افسران کے خلاف ایف آئی اے نے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
ذرائع کے مطابق اووربلنگ کے کیسز میں کچھ افسران کو سزائیں سنانے جبکہ بعض کو کلین چٹ دینے کے معاملات انکوائری کا حصہ ہوں گے، مبینہ طور پر پسند و ناپسند کی بنیاد پر کارروائیاں کرنے کے الزامات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
ایف آئی اے نے جنرل منیجر ٹیکنیکل رائے محمد اصغر کے خلاف انکوائری شروع کر دی جبکہ ڈائریکٹر کسٹمر سروسز لیسکو عباس علی کو بھی طلب کر لیا ہے۔
اسی طرح ریجنل منیجر ایم اینڈ ٹی مہر تنویر کے خلاف بھی تحقیقات شروع کی گئی ہیں جبکہ منیجر آئی ٹی امجد بھی انکوائری کی زد میں آ گئے ہیں۔
تحقیقات میں اووربلنگ کے مقدمات میں کیے گئے فیصلوں، افسران کو سزائیں دینے اور بعض کو بری الذمہ قرار دینے کے عمل کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ اختیارات کے مبینہ غلط استعمال سے متعلق حقائق سامنے لائے جا سکیں۔
