(ویب ڈیسک) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے ریسرچ ایوارڈز 2026-27 کا اعلان کر دیا، بہترین اشاعت کے ایوارڈ کے تحت 10 لاکھ روپے نقد انعام دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن نے پاکستان بھر کے محققین، اساتذہ اور سکالرز سے اپنے باوقار "ریسرچ ایوارڈز 2026–27” کیلئے باضابطہ درخواستیں طلب کر لی ہیں، ان ایوارڈز کا بنیادی مقصد فکری و سماجی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے والے محققین کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
ایچ ای سی حکام کا کہنا تھا کہ ایوارڈز مقابلے کو 3 بنیادی کیٹیگریز (بہترین ریسرچر، بہترین ینگ ریسرچر اور بہترین پبلیکیشن) میں تقسیم کیا گیا ہے، کامیابی حاصل کرنے والے محققین کو سرٹیفکیٹس کے ساتھ ساتھ نقد انعامات سے بھی نوازا جائے گا۔
ایچ ای سی نے واضح کیا ہے کہ بہترین پبلیکیشن ایوارڈ کا نقد انعام 10 لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ بہترین ریسرچر اور 40 سال سے کم عمر کے بہترین ینگ ریسرچر ایوارڈز کی انعامی رقم 5،5 لاکھ روپے ہو گی۔
ایچ ای سی کے مطابق ایوارڈز تین بڑے شعبہ جاتی گروپس میں دیئے جائیں گے، جن میں سماجی علوم، آرٹس و ہیومینٹیز، قانون، تعلیم، مینجمنٹ اور پبلک پالیسی؛ فزیکل سائنسز، انجینئرنگ، ٹیکنالوجی، کمپیوٹر سائنس، شماریات اور ریاضی؛ جبکہ لائف سائنسز، بائیولوجیکل سائنسز، ہیلتھ سائنسز، فارمیسی، زراعت اور ویٹرنری سائنسز شامل ہیں۔
خواہشمند پاکستانی محققین اپنی درخواستیں 31 اکتوبر 2026 تک ایچ ای سی کے آن لائن پورٹل (research.hec.gov.pk) کے ذریعے جمع کروا سکتے ہیں۔
وصول ہونے والی تمام درخواستیں پہلے انتظامی سکریننگ سے گزریں گی، جس کے بعد متعلقہ مضامین کے ماہرین اور ریویو پینلز اہل درخواستوں کا حتمی معائنہ کریں گے۔
درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 اکتوبر 2026 رات 11 بج کر 59 منٹ ہے۔
