(لاہور نیوز) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر شہر بھر میں موٹر سائیکل چوروں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئیں۔
باغبانپورہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو رکنی توقیر موٹر سائیکل چور گینگ کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت گینگ کے سرغنہ توقیر اور عمر کے نام سے ہوئی ہے۔
ایس پی کینٹ عثمان عزیز میر کے مطابق ملزمان کے قبضے سے دو موٹر سائیکلیں، ماسٹر چابیاں اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کیا گیا۔ ملزمان نے مختلف علاقوں میں غیر قانونی پارکنگ اور گلی محلوں میں بغیر لاک کے کھڑی موٹر سائیکلیں چوری کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
پولیس کے مطابق برآمد ہونے والی موٹر سائیکلیں مختلف مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھیں۔ ملزمان کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کیا گیا، جبکہ مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں متحرک موٹر سائیکل چوروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔
