(لاہور نیوز) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے ریجن میں بجلی چوری کے خلاف کارروائیوں کے ستمبر کے اعداد و شمار جاری کر دیئے۔
ایک ماہ کے دوران مختلف علاقوں میں بجلی چوری کے 862 کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ 267 مقدمات درج کئے گئے، لیسکو کے مطابق بجلی چوری کے خلاف کارروائیوں کے دوران ستمبر میں مجموعی طور پر 12 لاکھ 78 ہزار 610 یونٹس چارج کئے گئے۔
بجلی چوری کی مد میں ایک کروڑ 19 لاکھ 97 ہزار 455 روپے کی ریکوری کی گئی، جبکہ چارج کئے گئے یونٹس کی مالیت 4 کروڑ 63 لاکھ 40 ہزار 310 روپے رہی۔
اعداد و شمار کے مطابق اوکاڑہ سرکل میں بجلی چوری کے سب سے زیادہ 304 کیسز رپورٹ ہوئے، ناردرن لاہور میں 175، شیخوپورہ میں 130 جبکہ سینٹرل لاہور میں 127 کیسز سامنے آئے۔
اوکاڑہ میں بجلی چوری کے خلاف کارروائیوں کے دوران 5 لاکھ 7 ہزار 211 یونٹس چارج کئے گئے اور 18 لاکھ 23 ہزار 750 روپے کی ریکوری ہوئی، ناردرن لاہور میں 2 لاکھ 32 ہزار 118 یونٹس چارج کئے گئے جبکہ 25 لاکھ 15 ہزار روپے کی ریکوری کی گئی۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو نے کہا ہے کہ بجلی چوری کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔
