(لاہور نیوز) موچی گیٹ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کم عمر لڑکوں پر مشتمل دو رکنی جیب تراش گروہ کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے تین روز قبل ایک ہی روز میں 9 موبائل فون چوری کیے تھے۔ ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو نے واقعے میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی تھی۔
موچی گیٹ پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان کو ٹریس کرکے گرفتار کیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو ایک دکان میں داخل ہو کر بزرگ شہری سے واردات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو کے مطابق ملزمان دور دراز سے آنے والے شہریوں کو نشانہ بناتے اور رش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جیب صاف کر دیتے تھے۔
گرفتار ملزمان کو مزید تحقیقات کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ ایس پی سٹی نے بروقت کارروائی اور جیب تراشی میں ملوث موبائل چوروں کی گرفتاری پر ایس ایچ او موچی گیٹ اور پولیس ٹیم کو شاباش دی۔
