(لاہور نیوز) 80 سالہ ضعیف العمر بیوہ خاتون کے گھر پر مبینہ قبضے میں ملوث پی آئی اے سوسائٹی کے سابق صدر محمد اصغر کھوکھر کو اینٹی کرپشن لاہور نے گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق محمد اصغر کھوکھر کی عبوری ضمانت واپس لیے جانے کے بعد اینٹی کرپشن نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کیا، ملزم کو 2 اکتوبر کو مجسٹریٹ نعیم وٹو کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
اینٹی کرپشن کے مطابق محمد اصغر کھوکھر پر بیوہ خاتون فریدہ یاسین کے مکان نمبر 03-23 پر گزشتہ 10 سال سے مبینہ طور پر قابض ہونے کا الزام ہے، فریدہ یاسین کی درخواست پر محمد اصغر کھوکھر اور دیگر ملزمان کے خلاف اینٹی کرپشن لاہور میں مقدمہ درج ہے، جس میں مکان پر مبینہ قبضہ سمیت دیگر الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
متاثرہ خاتون فریدہ یاسین کا کہنا ہے کہ وہ طویل عرصے سے اپنے گھر کے حصول کے لیے متعلقہ اداروں سے رجوع کر رہی ہے تاہم انہیں تاحال گھر کا قبضہ نہیں مل سکا۔
