(لاہور نیوز) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے دفتر میں کھلی کچہری کے انعقاد کے دوران شہریوں کی شکایات براہ راست سنیں اور متعلقہ افسران کو شکایات کے ازالے کے لیے مکمل جانچ کے بعد کارروائی کا حکم دے دیا۔
کھلی کچہری میں ایک شہری نے اپنے بوڑھے والد پر سگے بیٹوں اور بہوؤں کے مبینہ تشدد کی شکایت کی جس پر ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے والدین پروٹیکشن ایکٹ کے تحت کارروائی کیلئے ایس ایچ او مغلپورہ کو ہدایت جاری کر دیں۔
لین دین میں فراڈ کی شکایات پر متعلقہ ایس ایچ اوز کو کارروائی کا حکم دیا گیا، وراثتی جائیداد اور جعلی ڈگری سے متعلق شکایات پر انکوائریاں مارک کردی گئیں۔
سود خوری کی شکایات پر ایس ایچ اوز باغبانپورہ اور لاری اڈا کو کارروائی کی ہدایت کی گئی، پولیس اہلکاروں کے خلاف شکایات پر بھی انکوائریاں مارک کر دی گئیں جبکہ ایس پی اقبال ٹاؤن اور ایس ڈی پی شاہدرہ سے انکوائری رپورٹس طلب کرلی گئی ہیں۔
آبائی قبرستان پر قبضے کی شکایت پر ایس ایچ او نواب ٹاؤن کو کارروائی کی ہدایت کی گئی۔ اقدام قتل کے مدعی کو مقدمے سے دستبرداری پر دھمکیوں کی شکایت پر اسے تحفظ فراہم کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔
