(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عوامی جمہوریہ چین کے 77ویں قومی دن پر چینی قوم، صدر شی جن پنگ اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی قیادت کو مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
مریم نواز شریف نے چینی قوم کی محنت، استقامت اور ثابت قدمی کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ترقی اور امن کے لیے عالمی سطح پر چین کا کردار قابل تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی میں عروج کی راہ پر گامزن چین دنیا کے لیے ایک مثال ہے۔ صدر شی جن پنگ کی دوراندیش اور بصیرت افروز قیادت میں چین بلندیوں کی جانب رواں دواں ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات افق کی بلندیوں کو چھو رہے ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات ہر موسم کے سرد و گرم سے ماورا ہیں۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام اور حکومت چین سے دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
