حکومت پنجاب بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کر رہی ہے: مریم نواز
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بزرگ افراد کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں بزرگوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی صحت، سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا کی ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ بزرگ ہمارے ماضی کا عکس، حال کی روشنی اور مستقبل کے لیے ایک سبق ہیں۔ بزرگ وہ چراغ ہیں جن کی روشنی میں نسلیں پروان چڑھتی ہیں، بزرگوں نے اپنی جوانی کی توانائیاں، تجربات اور قربانیاں دے کر ہمارے روشن آج کو ممکن بنایا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بزرگوں کا احترام ہمارے عقائد اور تہذیب کا حصہ ہے، جبکہ ان کی زندگی کے تجربات اور مشاہدات قیمتی خزانے کے مترادف ہیں، بزرگوں کے حقوق کی پاسداری اور ان کی خدمت ہمارا فرض ہے، انہیں کبھی فراموش نہیں کرنا چاہیے بلکہ وہ عزت اور مقام دینا چاہیے جس کے وہ حق دار ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت بزرگ شہریوں کی عزت، فلاح و بہبود اور سہولت کے لیے اقدامات کر رہی ہے، حکومت بزرگ شہریوں کے لیے اولڈ ہومز کو مزید بہتر بنا رہی ہے، جبکہ اولڈ ہومز میں مقیم بزرگ مرد و خواتین نے حج کی سعادت بھی حاصل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت الیکٹرک بسوں میں بزرگ افراد کو مفت سفر کی سہولت بھی فراہم کر رہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بزرگوں کا احترام، ان کی عزت اور خدمت کریں۔
