(لاہور نیوز) شہریوں خصوصاً خواتین کے محفوظ سفر کو یقینی بنانے اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید محفوظ بنانے کیلئے لاہور میں رکشوں، رائیڈ ہیلنگ سروسز کی گاڑیوں اور پبلک ٹرانسپورٹ پر 80 ہزار QR پینک بٹن چسپاں کر دیئے گئے۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق شہر کے 45 مختلف مقامات پر ٹریفک ٹیمیں QR پینک بٹن چسپاں کرنے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں، پبلک ٹرانسپورٹ کو قانونی دھارے میں لانے اور مسافروں کے تحفظ کے پیش نظر QR پینک بٹن کی تنصیب لازم قرار دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین QR پینک کوڈ کے ذریعے دورانِ سفر ہراسانی یا کسی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد کیلئے رابطہ کر سکتی ہیں، QR پینک بٹن کی تنصیب کیلئے ہر ٹریفک سیکٹر میں ٹیم موجود ہے جبکہ رکشوں کیلئے 12 علیحدہ ٹیمیں بھی مختص کی گئی ہیں۔
سی ٹی او لاہور نے بتایا کہ مختلف رکشہ یونینز کے اصرار پر ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا اور متعلقہ سہولیات کیلئے مزید چار نئے لائسنس سینٹرز بھی قائم کئے گئے ہیں، سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ لاہور میں سمارٹ ٹریفک مینجمنٹ اور جدید سکیورٹی فیچرز کے فروغ کو یقینی بنایا جا رہا ہے، سیفٹی اور سکیورٹی فیچرز اختیار نہ کرنے والی آن لائن کیب سروسز کے خلاف کارروائی کا حتمی فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آن لائن کیبز میں جدید ٹریکنگ سسٹم کی تنصیب سے مسافروں اور ڈرائیورز کی مانیٹرنگ مزید مؤثر ہوئی ہے، جبکہ ٹیکنالوجی کے استعمال سے شہریوں کو محفوظ، بااعتماد اور معیاری سفری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق ٹیکنالوجی پر مبنی ان اقدامات کے نتیجے میں ٹریفک نظم و ضبط اور شہریوں کے تحفظ میں نمایاں بہتری آ رہی ہے۔
