(ویب ڈیسک) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی ٹیم نے پاکستان سے چوتھے جائزہ مذاکرات کے لیے اسٹیٹ بینک حکام کی بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف مشن باقاعدہ مذاکرات کیلئے آج کراچی سے اسلام آباد پہنچے گا، مشن کے پیر سے معاشی ٹیم کے ساتھ پالیسی سطح کے مذاکرات کا آغاز ہوگا۔
ذرائع وزارت خزانہ کا بتانا ہے کہ آئی ایم ایف مشن گزشتہ 3 روز سے کراچی میں قیام پذیر تھا، مشن کے سٹیٹ بینک حکام اور سندھ حکومت کے ساتھ مذاکرات ہوئے، سندھ حکومت نے وفاق کو سرپلس بجٹ فراہم کرنے پر بریفنگ دی اور بتایا کہ ٹیکس آمدنی 30 جون تک 593 ارب روپے رہی، 30 جون تک سندھ کی نان ٹیکس آمدنی دگنی ہوکر 80 ارب روپے سے زائد رہی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف مشن کو سٹیٹ بینک حکام کی جانب سے بھی بریفنگ دی گئی، سٹیٹ بینک حکام کی بریفنگ پر آئی ایم ایف مشن نے اطمینان کا اظہار کیا، سٹیٹ بینک حکام نے مشن کو معاشی کارکردگی پر بریفنگ دی۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق اسٹیٹ بینک کی جانب سے زرمبادلہ ذخائر، مانیٹری پالیسی، درآمدات اور فارن ایکسچینج پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ زرمبادلہ ذخائر 17 ارب ڈالر سے زیادہ رکھنے کا ہدف حاصل کرلیا ہے۔
سٹیٹ بینک حکام نے مشن کو کرنٹ اکاؤنٹ خسارے اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے پر بھی بریفنگ دی۔
