(لاہور نیوز) ڈی جی فوڈ پنجاب امجد حفیظ نے کہا ہے کہ صوبے کی فلور ملز سرکاری گندم پیس کر 10 کلو آٹے کا تھیلا 1100 روپے میں فراہم کر رہی ہیں، جبکہ پنجاب بھر میں اب تک مجموعی طور پر 10 کلو آٹے کے 6 لاکھ 99 ہزار 521 تھیلے سپلائی کئے جا چکے ہیں۔
ڈی جی فوڈ پنجاب کے مطابق صوبے بھر میں فلور ملز معمول کے مطابق فعال ہیں اور مارکیٹ میں آٹے کی دستیابی اور سپلائی برقرار ہے، حکومت پنجاب عوام کو آٹے کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔
امجد حفیظ کا کہنا ہے کہ آٹے کی دستیابی اور سپلائی چین برقرار رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں، جبکہ عوام کو آٹے کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہیں ہونے دی جائے گی، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف متعلقہ اداروں کی جانب سے قانون کے مطابق کارروائیاں جاری ہیں۔
ڈی جی فوڈ پنجاب کے مطابق محکمہ فوڈ سیفٹی پنجاب آٹے کی قیمتوں اور مارکیٹ میں دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے مؤثر نگرانی کر رہا ہے، تاکہ شہریوں کو آٹے کی مسلسل فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔
