(لاہور نیوز) پنجاب پولیس نے اپنے ملازمین اور ان کے اہلخانہ کی فلاح و بہبود کے سلسلے میں مزید 18 لاکھ روپے سے زائد کے میڈیکل فنڈز جاری کر دیے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب عبدالکریم نے میڈیکل فنانشل اسسٹنس کمیٹی کی سکروٹنی کے بعد پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کے علاج معالجے کے لیے فنڈز کے اجراء کی منظوری دی۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں مصروف پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کی بہترین ویلفیئر اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف اداروں کے ساتھ ایم او یوز کے تحت بھی پولیس ملازمین کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ترجمان کے مطابق ڈی ایس پی قدیر احمد کو اہلیہ کے علاج کے لیے اڑھائی لاکھ روپے، جبکہ آفس سپرنٹنڈنٹ عابد حسین چیمہ کو اہلیہ کے علاج کے لیے 2 لاکھ 15 ہزار روپے جاری کیے گئے۔
اسی طرح سب انسپکٹر محمد اکمل، وائرلیس کانسٹیبل عابد حسین اور لیڈی کانسٹیبل فرزانہ کوثر کو علاج معالجے کے لیے 2، 2 لاکھ روپے کے فنڈز دیے گئے۔
ڈی ایس پی رؤف احمد اور مرحوم کانسٹیبل عبدالغفور کی بیوہ کو علاج معالجے کے لیے ایک، ایک لاکھ روپے جاری کیے گئے، جبکہ کانسٹیبلز مظہر عباس اور محمد سہیل کو بھی علاج معالجے کی مد میں ایک، ایک لاکھ روپے فراہم کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق کانسٹیبلز فرحان ریاض، بلال عاصم اور شاہد احمد کو علاج معالجے کے لیے مجموعی طور پر 2 لاکھ 67 ہزار روپے، جبکہ جونیئر کمپیوٹر آپریٹر محمد سہیل اور ڈیٹا انٹری آپریٹر حسن اقبال کو مجموعی طور پر 95 ہزار روپے کے فنڈز جاری کیے گئے۔
