سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی کا ہنگامی دورہ، ٹولنٹن مارکیٹ میں صفائی انتظامات کا جائزہ
(لاہور نیوز) سی ای او لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) شہریار عارف خان کے شہر میں صفائی انتظامات کی نگرانی کیلئے ہنگامی فیلڈ دورے جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سی ای او لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی شہریار عارف خان نے ٹولنٹن مارکیٹ کا دورہ کرکے صفائی کی صورتحال اور ویسٹ مینجمنٹ پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا، ڈپٹی سی ای او آپریشنز مبین احسن اور ایل ڈبلیو ایم سی کے سینئر افسران بھی سی ای او کے ہمراہ فیلڈ میں موجود تھے۔
شہریار عارف خان نے ٹولنٹن مارکیٹ میں ویسٹ مینجمنٹ پلان کے مطابق صفائی انتظامات کا معائنہ کیا اور دکانداروں سے صفائی کی صورتحال کے بارے میں گفتگو کی، اس موقع پر اینٹی لٹرنگ سکواڈ کے ہمراہ دکانداروں کو دکانوں کے باہر ڈسٹ بن رکھنے اور کوڑا مقررہ ویسٹ کنٹینرز میں ڈالنے کی ہدایات دی گئیں۔
سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی نے کہا کہ ٹولنٹن مارکیٹ میں صفائی اور دھلائی کا عمل تینوں شفٹوں میں یقینی بنایا جا رہا ہے، جبکہ شہر بھر کی کمرشل مارکیٹس میں صفائی ورکرز صبح سویرے صفائی کے انتظامات مکمل کر رہے ہیں۔
شہریار عارف خان نے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ایل ڈبلیو ایم سی کی اولین ترجیح ہے اور فیلڈ میں صفائی کے انتظامات کی مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے گی۔
