(لاہور نیوز) پاکستان ریلوے پولیس نے ٹکٹ لیس مسافروں کی معمول کی مشترکہ چیکنگ میں شرکت ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
اس سلسلے میں کمرشل برانچ، اسٹیشن ٹکٹ ایگزامینرز (ایس ٹی ایز) اور ٹریولنگ ٹکٹ ایگزامینرز (ٹی ٹی ایز) کے ساتھ مشترکہ چیکنگ سے متعلق ایس او پی واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکم نامے کے مطابق ریلوے پولیس اہلکاروں کو روٹین جوائنٹ چیکنگ کیلئے تعینات نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ پولیس نفری کو اس کے بنیادی سیکیورٹی فرائض سے ہٹانے سے بھی گریز کیا جائے گا، ٹکٹ لیس مسافروں کی چیکنگ کیلئے تشکیل دی گئی ٹیمیں بھی واپس کر دی گئی ہیں۔
ریلوے پولیس آئندہ ٹکٹ لیس مسافروں کی معمول کی مشترکہ چیکنگ میں حصہ نہیں لے گی، تاہم، کسی مسافر کی جانب سے مزاحمت، بدتمیزی یا امن و امان کی صورتحال پیدا ہونے کی صورت میں ریلوے پولیس معاونت فراہم کرے گی۔
حکام کے مطابق ایسی صورتحال میں ریلوے پولیس کی معاونت ایس ٹی ایز اور ٹی ٹی ایز کی تحریری درخواست پر فراہم کی جائے گی، ٹکٹ لیس مسافروں کی مشترکہ چیکنگ کے ایس او پی کو قانونی پیچیدگیوں کے خدشات کے پیش نظر واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
