(لاہور نیوز) شہری علاقوں میں صفائی فیس کی وصولی کیلئے نیا میکنزم متعارف کروا دیا گیا۔
ستھرا پنجاب اتھارٹی اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کے درمیان سروس لیول ایگریمنٹ پر دستخط ہو گئے، ڈی جی ستھرا پنجاب عمر جاوید اور ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن عمر شیر چٹھہ نے سروس لیول ایگریمنٹ پر دستخط کئے، تقریب میں ستھرا پنجاب کے ایڈیشنل ڈی جی رضوان الحق، ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے ایڈیشنل ڈی جی احمد سعید سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
معاہدے کے تحت سال 2026-27 کے دوران ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ پراپرٹی ٹیکس کے ساتھ صفائی فیس کی وصولی بھی یقینی بنائے گا، ایکسائز ڈیپارٹمنٹ گھر گھر سروے، صفائی بلوں کی پرنٹنگ اور بلوں سے متعلق شکایات کے ازالے اور درستگی کا ذمہ دار ہو گا۔
حکام کے مطابق ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے صفائی فیس وصول کرنے کا فیصلہ اگست میں ہونے والے 36ویں صوبائی کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا تھا، پنجاب بھر کے شہری علاقوں میں یکساں صفائی فیس کا نفاذ یقینی بنایا جائے گا۔
نئے میکنزم کے تحت رہائشی علاقوں میں 5 مرلہ تک کے گھروں سے 300 روپے، 5 سے 10 مرلہ تک 500 روپے ماہانہ صفائی فیس وصول کی جائے گی، 10 سے 20 مرلہ تک کے گھروں سے 1000 روپے، 20 سے 40 مرلہ تک 2000 روپے جبکہ 40 مرلہ سے بڑے گھروں سے 5000 روپے ماہانہ صفائی فیس وصول کی جائے گی۔
کمرشل یونٹس کیلئے بھی ماہانہ صفائی فیس مقرر کر دی گئی ہے، چھوٹے کمرشل یونٹس سے 500 روپے، درمیانے درجے کے کمرشل یونٹس سے 1000 روپے جبکہ بڑے کمرشل یونٹس سے 3000 روپے ماہانہ صفائی فیس وصول کی جائے گی۔
ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ صفائی فیس کی وصولی کے عوض ایک فیصد سروس چارجز وصول کرے گا۔
