(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی کا چائنہ سکیم، سبزی منڈی چاہ میراں اور ملحقہ علاقوں میں کریک ڈاؤن، معروف سویٹس پروڈکشن یونٹ اور واٹر پلانٹ بند کر دیے گئے۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق قوانین کی خلاف ورزیوں پر 10 فوڈ پوائنٹس کو بھاری جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ پانی کے سیمپل فیل ہونے پر واٹر پلانٹ کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ترجمان کے مطابق پانی میں مختلف مضر صحت جراثیم پائے گئے، جبکہ بیکری یونٹ سے ممنوعہ رنگ اور کیمیکلز برآمد کرکے تلف کر دیے گئے۔
فوڈ اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ سٹوریج اور پروڈکشن ایریاز میں ناقص انتظامات اور حشرات کی بہتات پائی گئی، جبکہ ملازمین کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس بھی موجود نہیں تھے۔
ترجمان کے مطابق برتن دھونے کے لیے قوانین کے برخلاف سرف استعمال کیا جا رہا تھا، جبکہ گندے فریزر میں سٹور کی گئی اشیاء پر تاریخِ تنسیخ بھی درج نہیں تھی۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ خوراک کا کاروبار مقررہ قوانین کے مطابق ہی کیا جا سکتا ہے۔ صحت دشمن کاروبار کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
