(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دورۂ لندن کے دوران سرکاری طیارے کے استعمال کے اخراجات کی ادائیگی کر دی گئی۔
لاہور نیوز کو وزیراعلیٰ کی جانب سے جمع کرائی گئی ادائیگی کی رسید بھی موصول ہو گئی ہے، دستاویز کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سرکاری طیارے کے استعمال کے اخراجات کی مد میں 2 کروڑ 71 لاکھ 94 ہزار 4 روپے ادا کئے ہیں، مجموعی رقم 27,194,004 روپے نیشنل بینک آف پاکستان کے ذریعے متعلقہ سرکاری اکاؤنٹ میں جمع کرائی گئی۔
ادائیگی کی پے اِن سلپ پر اکاؤنٹ ٹائٹل ZGBMRA درج ہے، جبکہ دستاویز کے مطابق یہ رقم سرکاری طیارے کے استعمال کے اخراجات کی مد میں جمع کرائی گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے دورۂ لندن کے دوران سرکاری طیارے کے استعمال پر سیاسی تنازع بھی سامنے آیا تھا، اس معاملے پر پنجاب حکومت کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ دورۂ لندن کیلئے سرکاری طیارے کے استعمال کے اخراجات وزیراعلیٰ مریم نواز شریف خود برداشت کریں گی۔
سرکاری طیارے کے استعمال کے اخراجات کا حتمی بل 2 کروڑ 71 لاکھ 94 ہزار 4 روپے مقرر کیا گیا تھا، جو اب متعلقہ سرکاری اکاؤنٹ میں جمع کرا دیئے گئے ہیں۔
