(لاہور نیوز) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کا نام استعمال کرکے شہریوں سے مبینہ طور پر رشوت طلب کرنے والے افراد کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کر دی گئی ہیں۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایت پر تین افراد کے خلاف مقدمات درج کرانے کی کارروائی کی گئی ہے، ایل ڈی اے کے مطابق ملک اکبر، اشرف اور بن یامین خود کو ایل ڈی اے کا ملازم اور صحافی ظاہر کرکے شہریوں سے رشوت طلب کرتے تھے، تینوں افراد مبینہ طور پر ٹاؤن شپ اور کوٹ لکھپت کے علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کا جھانسہ دے کر جائیداد مالکان سے رقم وصول کرنے کی کوشش کرتے تھے۔
ایل ڈی اے نے ملک اکبر کے خلاف تھانہ ٹاؤن شپ جبکہ اشرف اور بن یامین کے خلاف تھانہ کوٹ لکھپت میں مقدمات کے اندراج کی درخواست دی تھی، ملزمان پر شہریوں کو گمراہ کرنے کیلئے ایل ڈی اے کے عملے کا نام استعمال کرنے کا بھی الزام ہے۔
ایل ڈی اے کے مطابق ملک اکبر خود کو مبینہ طور پر صحافی ظاہر کرکے غیر قانونی تعمیرات کے نام پر شہریوں کو بلیک میل کرتا تھا، ملزمان کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 506، 419، 170، 417 اور 420 کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں۔
ڈی جی ایل ڈی اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ انسپکشن کیلئے آنے والے ایل ڈی اے عملے سے ان کی شناخت کے بارے میں لازمی طور پر تصدیق کریں، ایل ڈی اے کا نام استعمال کرنے والے کسی بھی نجی شخص کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی جائے۔
ان کے مطابق ایل ڈی اے افسران اور فیلڈ سٹاف کو دورانِ ڈیوٹی ایل ڈی اے کی جیکٹس اور کیو آر کوڈ پر مبنی شناختی کارڈز آویزاں کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، تاکہ شہری اصل اور جعلی اہلکاروں میں فرق کر سکیں۔
ڈی جی ایل ڈی اے نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد ایل ڈی اے کا نام استعمال کرکے شہریوں کو دھوکا دینے اور بلیک میل کرنے والے نجی افراد کے خلاف شکنجہ مزید سخت کرنا ہے۔
