(ویب ڈیسک) سموگ اور فضائی آلودگی کے تدارک کیلئے لاہور ٹریفک پولیس نے کارروائیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے ڈرائیورز کے ڈرائیونگ لائسنس معطل کئے جائیں گے، کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیونگ لائسنس کے ساتھ ان کے روٹ پرمٹ بھی معطل کئے جائیں گے، رواں ماہ دھواں چھوڑنے اور فضائی آلودگی کا باعث بننے والی 34 گاڑیوں کے ڈرائیورز کے لائسنس معطل کئے جا چکے ہیں۔
سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق بغیر ترپال ریت، مٹی اور دیگر آلودگی پھیلانے والا سامان لے جانے والی 3 ہزار 752 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی، جبکہ بغیر فٹنس اور خستہ حال 12 ہزار 272 گاڑیوں کے خلاف بھی ایکشن لیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ خطرناک حد تک اوور لوڈنگ کرنے والے 5 ہزار 210 ہیوی وہیکلز کے خلاف کارروائی کی جا چکی ہے، جبکہ سموگ تدارک مہم کے دوران مجموعی طور پر ایک لاکھ 54 ہزار 890 گاڑیوں کو چالان ٹکٹس جاری کئے گئے۔
