(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ جمہوریت محض سیاسی نظام نہیں بلکہ ترقی میں عوام کے فعال کردار کا مسلسل عمل ہے۔ جمہوریت ایک مسلسل سفر ہے جس کی منزل ایک متوازن اور فلاحی معاشرہ ہے۔
مریم نواز شریف نے عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ عالمی یوم جمہوریت منانے کا مقصد جمہوری اقدار کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے، جمہوریت کی کامیابی کے لیے باشعور عوام، دیانتدار قیادت اور قانون کی عملداری بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ احتساب جمہوریت کا اہم ستون ہے، عالمی یوم جمہوریت پر کرپٹ عناصر کے احتساب کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، پنجاب میں کرپشن کے سدباب کے لیے منظم مہم جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین کی بالادستی ہی جمہوریت کی اصل روح ہے، جمہوری روایات کے فروغ اور استحکام کے لیے سول سوسائٹی اور اداروں کی فعالیت کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے باہمی برداشت، مفاہمت اور پارلیمانی روایات کا تسلسل ناگزیر ہے، جمہوریت ہی سیاسی، معاشی اور سماجی استحکام کی منزل پر پہنچنے کا واحد راستہ ہے۔
