(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت کے گرجا گھروں میں دعائیہ تقریبات کے موقع پر شہر بھر میں سکیورٹی الرٹ جاری کر دیا گیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر گرجا گھروں کی سکیورٹی کے لیے 2496 پولیس افسران اور جوان تعینات کیے گئے ہیں۔
تمام ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز فیلڈ میں متحرک ہیں، جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران خود سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔
فیصل کامران نے کینٹ، ماڈل ٹاؤن، گلبرگ سمیت شہر کے مختلف گرجا گھروں کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات، داخلی راستوں اور تعینات نفری کا جائزہ لیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے چرچ انتظامیہ سے ملاقاتیں بھی کیں اور سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ سپروائزری افسران فیلڈ میں موجود ہیں اور چرچ انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہیں، جبکہ گرجا گھروں کے اطراف مؤثر پٹرولنگ اور چیکنگ کا عمل بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔
فیصل کامران کے مطابق لاہور پولیس بلا تفریق مکمل جذبے سے شہریوں کے تحفظ کے لیے فرائض انجام دے رہی ہے۔
دعائیہ تقریبات کے شرکاء سکیورٹی برقرار رکھنے کے لیے پولیس سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا شخص کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔
