(لاہور نیوز) پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون بارشوں کے نویں اور آخری سپیل کے حوالے سے صوبہ بھر میں الرٹ جاری کردیا، صوبے کے بیشتر اضلاع میں 12 سے 17 ستمبر کے دوران بارشوں کی پیشگوئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 12 سے 17 ستمبر تک راولپنڈی، جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور اٹک میں بارش کا امکان ہے جب کہ 14 سے 17 ستمبر کے دوران لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، گجرات، وزیرآباد، حافظ آباد، قصور، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب اور سرگودھا میں بارش متوقع ہے۔
خوشاب، میانوالی، نورپور تھل، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور گردونواح میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو پیشگی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
اِسی طرح بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں شہری سیلاب کا خطرہ موجود ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے، جس کے پیش نظر محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک کے متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔
مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے باعث بھی متعلقہ انتظامیہ کو ضروری اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، کچے اور بوسیدہ مکانات میں رہائش سے گریز کریں کیونکہ مون سون کے دوران ایسے مکانات گرنے سے زیادہ اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
آندھی اور طوفان کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں شہریوں کو آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے محفوظ مقامات پر رہنے جبکہ بچوں کو نشیبی علاقوں، جمع شدہ پانی، بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے دور رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ گرج چمک اور طوفانی موسم کے دوران شہری کھلے آسمان تلے جانے سے گریز کریں جب کہ ایمرجنسی کی صورت میں شہری پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
