(لاہور نیوز) پنجاب کی پانچ بڑی میڈیکل یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز کی تقرری کا معاملہ تعطل کا شکار ہو گیا، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے صوبائی حکومت کی جانب سے بھجوائی گئی سمری پر دستخط کرنے سے پہلے تمام شارٹ لسٹ امیدواروں سے ملاقات کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب ہر یونیورسٹی کے لیے شارٹ لسٹ کیے گئے تین، تین امیدواروں کے خود انٹرویوز کریں گے، گورنر پنجاب نے تمام امیدواروں کو پیر کے روز ملاقات کے لیے طلب کر لیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب اور صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد پانچوں یونیورسٹیوں کے لیے وائس چانسلرز کے پانچ نام تجویز کیے گئے تھے، ذرائع گورنر ہاؤس کے مطابق گورنر پنجاب امیدواروں سے ملاقات کیے بغیر سمری پر دستخط نہیں کریں گے۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کا کہنا ہے کہ کسی امیدوار پر تحفظات ہوئے تو وہ پنجاب حکومت کی سمری پر اعتراض لگا سکتے ہیں، ان کے مطابق سمری پر فیصلہ کرنے کے لیے 15 روز کا وقت ہے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی اور فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلرز کے ناموں کی سمری بھیجی گئی تھی جبکہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز، فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی اور راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلرز کے نام بھی گورنر پنجاب کو بھجوائے گئے تھے۔
