(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے لوڈشیڈنگ سے متعلق 15 ستمبر کو جواب طلب کر لیا۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کیا سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل بروقت دائر کی گئی؟ اظہر صدیق نے جواب دیا کہ اپیل بیس روز کے اندر بروقت دائر کی گئی ہے۔
وکیل اظہر صدیق نے بتایا کہ ایک لاکھ روپے جرمانہ ادا نہیں کیا، جرمانہ جمع کرانا ماتحت عدالت کے فیصلے کو تسلیم کرنے کے مترادف ہو گا۔
وکیل نے استدعا کی کہ جرمانے کی ادائیگی کو اپیل کی سماعت کی شرط نہ بنایا جائے، لوڈشیڈنگ کا معاملہ ذاتی نہیں بلکہ کروڑوں عوام کے بنیادی حقوق کا مسئلہ ہے۔
اظہر صدیق نے کہا کہ لوڈشیڈنگ سے عوام، بچے، کاروبار اور صنعت متاثر ہو رہے ہیں، عدالت متعلقہ ریکارڈ طلب کر کے لوڈشیڈنگ کی صورتحال کا جائزہ لے سکتی ہے۔
جوڈیشل ایکٹوزم پینل نے کیس کو میرٹ پر سننے کی استدعا کر دی۔
