(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے پولیس میں نفری کی کمی کو پورا کرنے کیلئے 3,565 ٹریفک اسسٹنٹس اور کانسٹیبلز بھرتی کرنے کی منظوری دے دی۔
حکومتی مراسلے کے مطابق پنجاب پولیس میں اہلکاروں کی کمی دور کرنے کیلئے نئی بھرتیاں کی جائیں گی، جن کی منظوری وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں دی گئی۔
مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ منظور شدہ بھرتیوں کا 50 فیصد کوٹہ پہلے مرحلے میں مکمل کیا جائے گا، جبکہ باقی 50 فیصد بھرتیاں مالی سال 2026-27 کی تیسری سہ ماہی میں کی جائیں گی۔
پہلے مرحلے میں جنرل ایگزیکٹو کیڈر میں 1,782 کانسٹیبلز بھرتی کئے جائیں گے، حکومتی مراسلے کے مطابق ٹریفک اسسٹنٹس اور کانسٹیبلز کی بھرتیوں کا عمل جلد شروع کر دیا جائے گا۔
مراسلے کے مطابق پولیس رولز 1934 کے تحت ایک پولیس اہلکار 450 افراد کی سکیورٹی کیلئے مختص کیا جاتا ہے، پولیس نفری کی موجودہ ضرورت پوری کرنے اور اہلکاروں کی کمی دور کرنے کیلئے نئی بھرتیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
