09 Sep 2026
(لاہور نیوز) مجاہد سکواڈ ناکہ شیرا کوٹ نے کارروائی کرتے ہوئے قاتل کیمیکل ڈور کی سپلائی ناکام بنا دی، جبکہ 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان مانسہرہ سے لاہور قاتل ڈور اور خطرناک کیمیکل کی چرخیاں منتقل کر رہے تھے، ناکہ پر تلاشی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 49 قاتل ڈوریں اور خطرناک کیمیکل کی 38 چرخیاں برآمد کر لی گئیں۔
گرفتار ملزمان کی شناخت شاہزیب، امجد اور شاہد کے نام سے ہوئی ہے، پولیس نے ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کیلئے تھانہ شیرا کوٹ کے حوالے کر دیا۔
پولیس کے مطابق پتنگ بازی میں استعمال ہونے والی قاتل ڈور اور خطرناک کیمیکل کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھی جائیں گی، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
