لاہور میں پتنگوں اور ڈور کی بڑی ترسیل ناکام، دو بین الاضلاعی پتنگ ڈیلر گرفتار
(لاہور نیوز) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کی ہدایت پر پتنگ فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، شمالی چھاؤنی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو بین الاضلاعی پتنگ ڈیلرز کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر کپل شادی ہال کے قریب کارروائی کی گئی، جہاں شاہد اور جمیل نامی ملزمان کو پتنگوں اور ڈور کی ڈلیوری دیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔
ایس پی کینٹ عاطف امیر کے مطابق ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی 520 پتنگیں، قاتل کیمیکل ڈور کی چرخیاں، پنے اور درجنوں چرخیاں بغیر مانجھے کے برآمد ہوئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے آن لائن لوکیشن کے ذریعے مختلف اضلاع میں پتنگوں اور ڈور کی سپلائی دینے کا اعتراف کیا ہے۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔
ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کے لیے انہیں انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ پتنگ فروشوں، پتنگ سازوں اور پتنگ بازوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری رہے گا۔
