(لاہور نیوز) ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) طاہر فاروق نے رات گئے حضرت علی ہجویری انڈرپاس اور داتا دربار کا دورہ کیا اور رات کی شفٹ میں جاری ترقیاتی و فنشنگ کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین نے ڈی جی ایل ڈی اے کو جاری ترقیاتی کاموں پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ڈی جی ایل ڈی اے نے حضرت علی ہجویری انڈرپاس کے اطراف جاری فنشنگ کے کاموں کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو باقی ماندہ کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
طاہر فاروق نے کہا کہ داتا دربار کے بیرونی حصے میں گرین ایریا اور واکنگ سٹریٹ قائم کی گئی ہے، جبکہ دربار کے اطراف سٹریٹ لائٹس اور دیدہ زیب لائٹس کی تنصیب سے پورا علاقہ روشن اور خوبصورت ہوگیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انڈرپاس کی تعمیر اور سڑک کی ری ماڈلنگ سے ٹریفک کی روانی میں واضح بہتری آئی ہے۔
ڈی جی ایل ڈی اے نے سرکلر روڈ پر املاک کے فساڈ کی اپ گریڈیشن، فٹ پاتھ اور پارکنگ کے لیے مختص جگہ کا بھی جائزہ لیا۔ انہیں بتایا گیا کہ سرکلر روڈ پر پیدل چلنے والوں کی سہولت کے لیے بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔
اس موقع پر پیڈسٹرین انڈرپاس کی فنشنگ کے کام کا بھی معائنہ کیا گیا۔ متعلقہ حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پیڈسٹرین انڈرپاس کی فنشنگ تکمیل کے قریب ہے اور اسے جلد مکمل کر لیا جائے گا۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے زائرین کے لیے تعمیر کیے گئے پبلک ٹوائلٹس اور پارکنگ ایریا کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ فنشنگ کے تمام باقی ماندہ کام مقررہ وقت میں جلد مکمل کیے جائیں اور ترقیاتی منصوبوں میں معیار کو یقینی بنایا جائے۔
دورے کے موقع پر کنٹریکٹر، ٹیپا اور نیسپاک کے متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
