(لاہور نیوز) 7ستمبر شجاعت، غیرت اور پاک فضائیہ کے لازوال معرکوں کا وہ تاریخ ساز دن ہے جو ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند کر دیتا ہے۔
1965 ء کی جنگ ہو یا تاریخ کا کوئی بھی کٹھن امتحان، پاک فضائیہ کے شاہینوں نے ہمیشہ دشمن کو دھول چٹائی، ایئر کموڈور سجاد حیدر کی قیادت میں پٹھان کوٹ ایئربیس پر حملے میں دشمن کے کئی طیارے زمین پر ہی تباہ کئے ، ایم ایم عالم نے سرگودھا کے محاذ پر صرف ایک منٹ کے اندر اندر دشمن کے 5 طیارے مار گرانے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔
پاک فضائیہ کے شاہینوں کی شجاعت تاریخ کا وہ روشن باب ہے جس پر پوری قوم کو فخر ہے، جرأت اور تربیت کی یہ روایت آج بھی اتنی ہی مضبوط ہے، 1965 سے لے کر آج تک، جب بھی معرکہ برپا ہوا، ان پاسبانوں نے دشمن کی ہر چال ناکام بنائی۔
2025 کے معرکے میں بھی شاہینوں نے روایتی حریف بھارت کو 0-6 سے تاریخی شکست دے کر ثابت کر دیا کہ میدان کارزار ہو یا دفاعِ وطن جیت ہمیشہ فولادی عزم کی ہوتی ہے۔
شاہینوں کی آسمان پر صرف پرواز ہی قابل ذکر نہیں بلکہ ان کی اڑان ان فولادی بازوؤں کی داستان ہے جو دن رات ہماری سرحدوں کی نگہبانی کرتے ہیں۔
پاک فضائیہ کے یہ جری شاہین کل بھی ہمارا غرور تھے اور آج بھی فتح و کامرانی کا نشان ہیں۔
