پنجاب: ناقص تعلیمی نتائج کے ذمہ دار سرکاری سکولز کے سربراہان کیخلاف کارروائی کا فیصلہ
(لاہور نیوز) پنجاب میں صفر فیصد نتائج دینے والے سرکاری سکولز کے سربراہان کے خلاف محکمانہ کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا۔
محکمہ سکول ایجوکیشن نے صوبہ بھر سے صفر فیصد نتائج والے سکولز کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔
راولپنڈی بورڈ کے نویں جماعت کے سالانہ امتحانات میں 184 سکولز کا نتیجہ صفر فیصد رہا، جن میں 81 سرکاری سکولز شامل ہیں۔
صفر فیصد نتائج والے سکولز میں راولپنڈی کے 91، اٹک کے 35 اور چکوال کے 26 سکول شامل ہیں جبکہ جہلم کے 24، مری کے 10 اور تلہ گنگ کے 8 سکولز کا نتیجہ بھی صفر فیصد رہا۔
ذرائع کے مطابق صفر فیصد نتائج والے سکولز کے سربراہان سے جواب طلبی سمیت محکمانہ کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مسلسل ناقص تعلیمی کارکردگی والے اداروں اور ذمہ دار افسران کی نشاندہی بھی کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ناقص تعلیمی نتائج پر ذمہ دار سکول سربراہان کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
