(لاہور نیوز) شہر میں ایل پی جی کی دکانوں کی ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے، آل پاکستان ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے مطالبات تسلیم کرنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔
ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری رانا عبدالجبار نے کہا کہ شہر میں ایل پی جی کی تمام دکانیں شہریوں کے لیے کھولی جارہی ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ اگلے روز مذاکراتی اجلاس بھی طے پا گیا ہے۔
دوسری جانب ہڑتال کے دوران ضلعی انتظامیہ نے ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کو مذاکرات کے لیے پیرا سٹیشن، راوی روڈ بلایا تھا۔ ذرائع کے مطابق مذاکرات ناکام ہونے پر چیئرمین میاں اجمل کے خلاف کارِ سرکار میں مداخلت اور عدم تعاون کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے انہیں موقع پر گرفتار کرلیا گیا، جبکہ ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیداروں نے بھی گرفتاری دے دی۔
تاہم بعدازاں ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ وہ گیس پلانٹس سے ایل پی جی سستی قیمت پر ملنے کی صورت میں ہی صارفین کو سستی فروخت کرسکتے ہیں۔
