(لاہور نیوز) جماعت اسلامی کی جانب سے ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال ناکام ہو گئی، لاہور کی مرکزی مارکیٹوں اور بازاروں میں کاروبار معمول کے مطابق جاری ہے۔
اہم ہول سیل مارکیٹوں میں دکانیں کھلی ہیں اور تاجروں کی بڑی تعداد نے ہڑتال سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا، برانڈرتھ روڈ، شاہ عالم مارکیٹ، موچی دروازہ اور اکبری منڈی میں دکانیں کھلی ہیں، جبکہ دہلی دروازہ، بادامی باغ آٹو پارٹس مارکیٹ سمیت دیگر بڑی منڈیوں اور بازاروں میں بھی کاروبار معمول کے مطابق ہو رہا ہے۔
دوسری جانب انجمن تاجران نعیم میر گروپ کے صدر شاہد نذیر چوہدری نے جماعت اسلامی کی ہڑتال سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا، انجمن تاجران بادامی باغ آٹو پارٹس مارکیٹ نے بھی ہڑتال میں شامل نہ ہونے کا اعلان کیا ہے، انجمن تاجران لاہور کے صدر مجاہد مقصود بٹ نے بھی ہڑتال سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔
تاجر رہنماؤں کی جانب سے ہڑتال سے لاتعلقی کے بعد لاہور کی بیشتر مرکزی مارکیٹوں میں کاروباری سرگرمیاں بحال اور معمول کے مطابق دکھائی دے رہی ہیں۔
جماعت اسلامی نے ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دی تھی، تاہم لاہور کی بڑی مارکیٹوں میں تاجروں کی جانب سے ہڑتال میں شرکت نہ کرنے کے باعث کاروبار معمول کے مطابق جاری ہے۔
